عمران خان 14 اگست تک وزیراعظم کا حلف اٹھالیں گے

عمران خان 14 اگست تک وزیراعظم کا حلف اٹھالیں گے
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان 14 اگست سے پہلے وزیراعظم کا حلف اٹھالیں گے۔

اسلام آباد میں بنی گالا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ اے پی سی میں بڑی جماعتوں نے مثبت فیصلہ کیا اور حلف برداری کی تقریب میں بڑی جماعتوں کا شرکت کرنا خوش آئند ہے جب کہ مولانا فضل الرحمان کے منفی کردار کی مذمت کرتا ہوں، وہ ابھی تک منفی سوچ کا مظاہرہ کررہے ہیں لیکن ان کو احساس ہونا چاہیے کہ پاکستان کے عوام کیا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور صدر پاکستان جلد اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے اور نمائندے حلف اٹھائیں گے جب کہ 14 اگست سے پہلے عمران خان وزیراعظم ہوں گے، ملک کی معیشت تباہ اور ملک خطرات میں ہیں لہذا سب ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی جس کے لیے عمران خان دن رات محنت کررہے ہیں اور آزاد امیدواروں سے رابطے جاری ہیں، کل یا آج شام قوم کو خوش خبری دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت سازی کے لیے کوئی بحران نہیں ہے، عمران خان سب سے مشاورت کررہے ہیں جب کہ پنجاب حکومت کے حوالے سے رابطے مکمل ہو چکے ہیں اور جہانگیر ترین نے پنجاب کے دورے کرکے آزاد امیدواروں سے رابطےکیے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں