گورنر سندھ محمد زبیر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

گورنر سندھ محمد زبیر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ، اپنا استعفیٰ انہوں نے صدر مملکت کو بھجوادیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کا کہناہے کہ گورنر سندھ نے الیکشن میں مبینہ بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کی وجہ سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوادیاہے ۔ذرائع کا کہناہے کہ عام انتخابات میں(ن) لیگ کے امیدواروں کے ساتھ الیکشن کمیشن کا رویہ اور دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد ہونا بھی گورنر سندھ کے استعفے کی وجوہات میں شامل ہے-

انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) اور ایم ایم اے کی بلائی گئی اے پی سی میں بھی شرکت کی تھی جس کا نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے سخت نوٹس لیاہے ۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں اکثریت کے بعد تحریک انصاف وفاق میں حکومت بنانے کی تیاری کررہی ہے اور اس سلسلے میں پی ٹی آئی نے چاروں صوبوں کے گورنرز بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے-

تاہم ذرائع کاکہناہے کہ پی ٹی آئی باقی تین صوبوں کے گورنرزکو تب تک تبدیل نہیں کرے گی جب تک کہ وہ وزراءاعلیٰ سے حلف نہیں لے لیتے ۔جب کہ نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے انتخابات میں آئینی طریقہ کار کے مطابق اپنا کردار ادا کیا ۔ واضح رہے کہ صدر مملکت آئین کے مطابق قائم مقام گورنر نامزد کریں گے