سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو اہم ذمہ داری مل گئی

سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو اہم ذمہ داری مل گئی
سورس: file photo

اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ،وزیراعظم کے دورہ سندھ سے قبل سابق وزیراعلیٰ سندھ کو وزیراعظم کا معاون خصوصی تعینات کردیا گیا ۔نیونیوز کے مطابق کابینہ ڈویژن کی جانب سے ارباب غلام رحیم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو معاون خصوصی سندھ افیئرز تعینات کیا گیا ہے، ان کی تعیناتی اعزازی بنیاد پر کی گئی۔ 

واضح رہے کہ رواں ماہ کی پہلی تاریخ کو سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیا، اب سندھ میں پی ٹی آئی کو مضبوط بنانے کی جدوجہد کریں گے۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں پی ایس 52 کے ضمنی الیکشن میں ارباب غلام رحیم نے جی ڈی اے کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا تھا تاہم وہ پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ سے شکست کھا گئے تھے۔

ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں سندھ کے دو سابق وزرائے اعلیٰ بھی شامل رہے ہیں جن میں ممتاز بھٹو اور دوسرے لیاقت جتوئی شامل ہیں، ممتاز بھٹو رواں ماہ انتقال کرچکے۔