فواد چودھری کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی

فواد چودھری کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی
کیپشن: عدالت نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو معطل کر دیا۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے این اے 67 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو معطل کر دیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے تین جولائی کو جواب طلب کر لیا۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے ہائیکورٹ میں دائر اپنی اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹریبونل کےمطابق بیرون ملک دوروں پر 32 لاکھ اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ٹریبونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

مزید تفصیل پڑھیں: رانا افضل کو حلقے کی عوام نے کھری کھری سُنا دیں
 

اپیل میں کہا گیا ہے کہ ٹریبونل کے مطابق اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک ان کے اثاثوں کی دستاویزات کا جائزہ نہیں لیا۔ کاغذات نامزدگی میں ایف بی آر کی مصدقہ کاپی ساتھ لف کی گئی تھی۔

ٹریبونل نے لف دستاویزات کو نظر انداز کرتے ہوئے نااہل قرار دے دیا۔ لہٰذا ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

خیال رہے گزشتہ روز الیکشن ایپلٹ ٹریبونل نے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کے ان کے آبائی حلقے این اے 66 جہلم سے کاغذات مسترد کیے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں