دھاندلی کی تاریخ رقم اور بہت خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، نواز شریف

دھاندلی کی تاریخ رقم اور بہت خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، نواز شریف

image by facebook

لندن: سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جارہی ہے، دھاندلی نہ روکی گئی تو نتائج ہولناک ہوں گے۔

لندن کی ہارلے سٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے   سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایک جیسے مقدمات میں دوسروں کے فیصلے کچھ اور ہمارے کچھ اور آتے ہیں، پچھلے کئی مہینوں کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، صرف میں اورمیرے ساتھی نشانہ بنے ہیں۔

 

نوازشریف نے کہا کہ 25 جولائی کو جو ہوگا وہ نوشتہ دیوار ہے، پوری پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ قمرالاسلام کی بیٹی اور بیٹے کے کندھے سے کندھا ملا کرچلیں۔

یہ بھی پڑھیئے:بہتر کارکردگی پر ہی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل سکتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ
 
 
انہوں نے کہا کہ کبھی دانیال عزیز کو تو کبھی شاہد خاقان عباسی کو نااہل قرار دیا جاتا ہے، شاہد خاقان عباسی اور دانیال عزیز کی نااہلی پرافسوس ہوا۔

نواز شریف نے کہا کہ نیب، ریٹرننگ افسران اور دیگر نے یہ کیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، بہت خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، الیکشن سے پہلے دھاندلی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، قمرالاسلام کی گرفتاری انتخابات سے قبل دھاندلی کا ثبوت ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ اس وقت ایسی ذہنی کیفیت ہے کہ سیاسی امور پر بات کرنے سے گریز کر رہا ہوں، اس وقت میری ساری توجہ اپنی بیوی کی صحت پر ہے لیکن میں اپنے آپ کو قومی فرض سے بھی دورنہیں رکھ سکتا۔

 

نوازشریف نے کہا کہ یہ جو کھیل کھیلا جارہا ہے یہ پاکستان کے لیے ہمیشہ خطرناک ثابت ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو گھر گھر کا نعرہ بن چکا ہے، یہ سب لوگ پاکستان پر رحم کریں،کھیل کھیلنا چھوڑ دیں، نیب نے کچھ دن قبل قمرالاسلام کوکلین چٹ دیا تھا، ن لیگ کے ٹکٹ دینے کے اگلے دن ہی گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیئے:امریکا نے بھارت سے وجہ بتائے بغیر اچانک مذاکرات ملتوی کردیے
 
 
نوازشریف نے کہا کہ قمرالاسلام کی گرفتاری کس چیز کی نشاندہی کر رہی ہے،پارٹی کو کہوں گا کہ ووٹ کوعزت دو کا نعرہ گھر گھر پہنچائے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس کھیل کو کسی بھی صورت میں قبول کرنے کو تیار نہیں، انتخابات سے قبل دھاندلی کافی عرصے سے شروع ہے جس کو بند ہونا چاہیے، ٹارگٹ صرف مسلم لیگ ن اور اس کے رہنما ہیں،کوئی اورجماعت نہیں۔