12 ویں آئی سی سی ورلڈ کپ میں کل دو میچوں کا فیصلہ ہوگا

پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں لیڈز جبکہ کینگروز اور کیویز لندن پہنچ چکی ہیں

12 ویں آئی سی سی ورلڈ کپ میں کل دو میچوں کا فیصلہ ہوگا

لیڈز :  بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں   کل  دو میچ کھیلے جائینگے۔

پہلے میچ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی جبکہ دوسرا میچ عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ میچ میں شرکت کےلئے چاروں ٹیمیں اپنے اپنے مقامات پر پہنچ چکی ہیں، پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں لیڈز جبکہ کینگروز اور کیویز لندن پہنچ چکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے۔ اس سلسلے میں آج ہفتہ کو گرین شرٹس حریف ٹیم افغانستان کی ٹیم کو کنارے لگانے کے لئے لیڈز کے مقام پر پنجہ آزما ہوگی۔ افغانستان کے علاوہ پاکستان کی ٹیم کو بقیہ ایک میچ جو بنگلہ دیش کی ٹیم کے خلاف ہے وہ بھی جیتنا بہت ضروری ہوگا۔

یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم اب تک سات میچز کھیل چکی ہے اور جس میں سے اس نے تین جیتے اور تین میں اسکو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ یوں پاکستان کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے۔ افغانستا کی ٹیم اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی اور کوئی پوائنٹ کے بغیر سب سے نیچے 10 نمبر پر ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا اور کیویز ٹیمیں سات سات میچز کھیلے چکی ہیں اور آسٹریلوی ٹیم ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں11, 11 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 9 جولائی کو کھیلا جائےگا، دوسرا سیمی فائنل میچ 11 جولائی کو کھیلا جائے گا جبکہ میگا ایونٹ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان 14 جولائی کو لندن میں کھیلا جائےگا۔