کورونا وائرس میں کمی،کاروباری مراکز کے اوقات کار رات 10 بجے تک کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس میں کمی،کاروباری مراکز کے اوقات کار رات 10 بجے تک کرنے کا فیصلہ
سورس: file

اسلام آباد ( نیو نیوز) کورونا صورتحال میں بہتری کے باعث پابندیوں میں مزید نرمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ایس او پیز کے ساتھ مزارات کھولنے ،رات ایک بجے تک ویکسین شدہ افراد کیلئے سینماز کھولنے اور کاروباری اوقات شام آٹھ سے بڑھا کر رات دس بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس اسلام اباد میں ہوا ۔ اجلاس میں ملک میں جاری کورونا صورتحال اور این پی آئیز کا تفصیلی جائزہ  لینے کے بعد ثقافتی، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد  گنجائش  جبکہ تفریحی مقامات، سوئمنگ پولز کو 50 فیصد کی گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔پیٹرول پمپ، میڈیکل سٹور سمیت ضروریات کے اہم کاروباروں کو چوبیس گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، آوٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت، ان ڈور پر 50 فیصد کی پابندی عائد ،صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی ان ڈور ڈائننگ کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس انتظامیہ کی جانب سے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ چیک کرنے کا لائحہ عمل بنایا جائے۔ شادی کی تقریب آؤٹ ڈور 400 افراد کی گنجائش سے کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ 200 افراد تک ویکسینیٹڈ افراد ان ڈور شادی کی تقریب میں شریک ہوسکیں گے۔