سٹیٹ بینک ایدھی کی یاد میں سکہ 31 مارچ کو جاری کرے گا

سٹیٹ بینک ایدھی کی یاد میں سکہ 31 مارچ کو جاری کرے گا

کراچی: انسانیت کے لیے بالعموم اور پاکستانیوں کے لیے بالخصوص قابلِ تعریف خدمات کے پیش نظر وفاقی حکومت نے جمعہ 15 جولائی 2016 کو کابینہ کے اجلاس میں مرحوم عبدالستار ایدھی کی یاد میں ایک سکّہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بعد ازاں سٹیٹ بینک کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ انسانیت کے لیے عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں50 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرے۔

یہ یادگاری سکّہ 31 مارچ 2017سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کائونٹرز سے جاری کیا جائے گا۔50 روپے کے اس سکّے کی دھاتی تفصیل، بناوٹ، اور ڈیزائن ذیل میں دیا گیا ہے۔سکّہ تانبے اور نکل سے بنا ہے، جس میں تانبے کا تناسب 75 فیصد اور نکل کا 25 فیصد ہے۔

اس کا قطر 30ملی میٹر اور وزن 13.50گرام ہے۔ سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ٴاسلامی جمہوریہ پاکستانٴ کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں عبدالستار ایدھی کا سالِ وفات درج ہے۔

ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکّے کی مالیت ٴٴ50ٴٴ اور اردو میں ٴٴروپیہٴٴ لکھا ہے۔ پچھلے رخ پر وسط میں عبدالستار ایدھی کا یک رْخی تصویری عکس ہے جس کی بالائی سمت میں ٴٴعہدِ انسانیت عبدالستار ایدھیٴٴ درج ہے۔

مصنف کے بارے میں