وزیر داخلہ اپنی ضمانت کی فکر کریں , قمرزماں کائرہ

 وزیر داخلہ اپنی ضمانت کی فکر کریں , قمرزماں کائرہ

لاہور : پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ لاہور کی ساری ترقی دو سڑکوں پر محیط ہے، باقی سارا لاہور کراچی سے زیادہ گندا اور ہیپاٹائٹس جیسے موذی امراض کا شکار ہے۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے خطاب کے ردعمل میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور ان کے بھائی جن میگا پراجیکٹس کا شور مچا رہے ہیں، وہ تمام منصوبے میگا کرپشن کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ تکنیکی کرپشن کا دوسرا نام ہے، اس کے وزیر جو کل تک سائیکل سوار تھے، آج ارب پتی بن چکے ہیں، یہ سارا پیسہ کرپشن سے آ رہا ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن سکینڈل پانامہ کیس ہے لیکن ظلم کی بات ہے کہ شریف فیملی یہ غبن اس وقت کر رہی تھی جب 90 کی دہائی میں محترمہ بینظیر بھٹو جیسی شفاف شخصیت پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگائے جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی مسلم لیگ ن کرپشن کا راگ الاپ رہی ہے، مگر نجانے کتنے کھرب روپے بیرون ملک منتقل کر رہی ہے، آج کے غبن اگلے سالوں میں عوام کے سامنے آئیں گے.