ڈیجیٹل کرنسی "بِٹ کوائن" کے بارے میں‌سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی کا اہم بیان سامنے آگیا

ڈیجیٹل کرنسی
کیپشن: فوٹو فنانشل ٹائمز

ریاض:سعودی مانیٹرننگ اتھارٹی ” ساما“کے ڈپٹی گورنر ہاشم بن عثمان الحقیل نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی کے بارے میں ہم نے روز اول سے ہی خبردار کیا تھا کہ اس کا لین دین نہ کیا جائے ۔
ڈیجیٹل کرنسی کے بارے میں ساما کے موقف میں اب بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ ڈپٹی گورنر نے ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے مقامی اخبار کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ” ساما“نے اس حوالے سے پہلے بھی لوگوں کو کہا تھا کہ ڈیجیٹل کرنسی جن میں سب سے زیادہ مقبول ہونے والی ” بٹ کوائن“ بھی شامل ہے سے اجتناب برتیں جس کی کوئی ٹھوس حقیقت نہیں ۔

الحقیل نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل کرنسی کی کوئی حقیقت نہیں اور نہ ہی اسے کسی ملک کی سرپرستی حاصل ہے اس لئے جو چیز مخفی ہو اور جس کا کوئی ٹھوس وجود نہ ہو اس سے کس طرح تجارت کی جاسکتی ہے ۔ سعودی مانیٹرننگ اتھارٹی نے روز اول سے ہی صارفین کے استفسارات پر کہا تھا کہ اس قسم کی کرنسی کی تجارت خطرات سے خالی نہیں جسے کوئی ملک تسلیم نہیں کرتا ۔

واضح رہے بٹ کوائن اور اسی قسم کی دیگر کرنسیاں جن کا حقیقت میں کوئی وجود نہیں کچھ عرصہ سے غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکی تھیں ۔ اس ضمن میں جن لوگوں نے اس سے فائدہ حاصل کیا اب انہیں شدید خسارے کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے ۔