نو پاکستانیوں نے فوربز '30 انڈر 30' میں جگہ بنا لی

نو پاکستانیوں نے فوربز '30 انڈر 30' میں جگہ بنا لی

نیو یارک: پاکستان میں کسی بھی شعبہ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور یہ بات معروف امریکی کاروباری جریدے فوربز کی سالانہ ’30 انڈر 30‘ کی ایشیا کی فہرست نے بھی ثابت کر دی ہے جس میں مجموعی طور نامزد 300 افراد میں 9 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ اس فہرست میں بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، چین، انڈونیشیا، فلپائن، انڈونیشیا، سری لنکا اور نیپال سمیت ایشیا کے 24 ممالک کے وہ نوجوان شامل ہیں جن کی عمر 30 سال کے اندر ہے۔

فوربز کی اس فہرست کے اجرا کا آغاز 2016 میں کیا گیا اور یہ اس جریدے کی تیسری فہرست ہے۔ اس فہرست میں فنون و لطیفہ، سائنس و ٹیکنالوجی، موسیقی، کھیل، کاروبار اور دیگر منفرد کیٹگریز شامل ہیں۔ گزشتہ برس ایشیا کی فہرست میں 6 پاکستانی شامل تھے جب کہ اس مرتبہ پاکستان کے 9 نوجوانوں نے اس فہرست میں جگہ بنائی ہے۔

نیورو اسٹک ہیلتھ کمپنی کے بانی محمد اسد رضا اور ان کے ساتھی ابراہیم شاہ نے ترقی پذیر ممالک کے لیے انتہائی کم قیمت اور بہترین معیار کی میڈیکل ڈیوائس 'نیورو اسٹک' بنائی جو ہاتھ پاؤں سے محروم افراد کے لیے انتہائی کارآمد ثابت ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ انہیں ہیلتھ کیئر اسٹارٹ اپ کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔

17 سالہ محمد شہیر نیازی کو سائنسی میدان میں تحقیقات و خدمات پر ینگسٹ اور ہیلتھ کیئر اینڈ سائنس کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا۔ ان کا کام معتبر سائنسی جریدے ’ رائل سوسائٹی اوپن سائنس جنرل‘ میں بھی شائع ہو چکا ہے۔

گلوکارہ مومنہ مستحسن کو موسیقی کی کیٹگری میں شامل کیا گیا وہ اس فہرست میں پہلی مرتبہ شامل ہوئی ہیں۔ گلوکاری کے ساتھ ساتھ مومنہ مختلف سماجی مسائل کے حوالے سے بھی سرگرم ہیں اور اپنی آواز اٹھاتی رہتی ہیں۔ عدنان اور عدیل ’پرائس اوئے‘ کے بانی ہیں جو الیکٹرونکس کے شعبے میں قیمتوں کے موازنے کا پلیٹ فارم ہے جو نہ صرف ریٹیلرز کو مارکیٹنگ کی معلومات دیتا ہے بلکہ صارفین کو بھی قیمتوں کے حوالے سے بہترین معلومات فراہم کرتا ہے۔

حمزہ فرخ جو 'بوند شمس' سولر واٹر پروجیکٹ کے بانی ہیں کو سوشل انٹرپرینور کی کیٹگری میں سماجی خدمات کی وجہ سے منتخب کیا گیا۔ 24 سالہ حمزہ فرخ نے اپنے اس پروجیکٹ کے تحت سورج کی روشنی سے چلنے والا واٹر ایکسٹریکشن اور فلٹر سسٹم بنایا جو دیہی علاقوں میں سیکڑوں لوگوں کی پانی کی ضروریات پوری کر رہا ہے۔

سید فیضان حسین کو بھی سوشل انٹرپرینور کی کیٹگری میں ہیلتھ اور تعلیی میدان میں خدمات انجام دینے پر نامزد کیا گیا۔ انہوں نے 2013 میں ایک ایسا پیری ہیلیئن سسٹم بنایا جس میں سائن لینگویج اور مختلف بیماریوں کا پتہ لگانے والا ٹریکنگ سسٹم بھی شامل ہے۔

سعدیہ بشیر نے انٹرپرائز ٹیکنالوجی کی کیٹگری میں اپنی جگہ بنائی۔ سعدیہ ویڈیو گیمز پروڈکشن کی فیلڈ سے وابستہ اور 'پکسل آرٹ گیمز اکیڈمی' کی شریک بانی ہیں جہاں گیم ڈیزائن اینڈ پروڈکشن، گیم پروگرامنگ اور اینیمیشن کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ فوربز کی اس فہرست میں بھارتی اداکارہ انوشکا شرما اور اداکارہ ایملی کا نام بھی شامل ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں