بینگن چوری کا ملزم 9 سال کے بعد بری

 بینگن چوری کا ملزم 9 سال کے بعد بری
کیپشن: فوٹو العریبیہ

اٹلی کی ایک اپیل کورٹ نے چوری کے ایک انوکھے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو 9 سال کے بعد بری کردیا۔

چوری کا یہ کیس اپنی نوعیت کا حیران کن واقعہ ہے۔ اس میں ایک بے روزگار صاحب اولاد ملزم کو ایک کھیت سے محض 20 سینٹ قیمت کے بینگن چوری کرنے الزام میں گرفتار گیا۔

سنہ2009ء میں پیش آنے والے اس واقعے میں ملزم کو بیس سینٹ مالیت کے بینگن چوری کرنے پر عدالت میں پیش کیاگیا۔ عدالت نے ملزم کو پانچ ماہ قید اور300 یورو جرمانہ کی سزا سنائی، تاہم بعد ازاں سزا میں تخفیف کرکے دو ماہ قید اور 120 یورو جرمانہ کردیا گیا۔ وکلاء نے کیس کو اپیل کورٹ میں چیلنج کردیا۔ اس طرح ایک سے دوسری اور تیسری عدالت میں یہ مقدمہ نو سال جاری رہا۔

حال ہی میں عدالت نے بینگن چوری کے مقدمہ میں ملزم کو بری کرتے ہوئے اس واقعے پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ محض بیس سینٹس کے بینگن چوری کرنےکے مقدمہ پر 7000 سے 8000 ہزار یورو خرچ ہوئے ہیں۔ ججوں اور دیگر عدالتی حکام کا قیمتی وقت جو دیگر اہم نوعیت کے کیسز پر صرف ہونا چاہیے تھا ضائع ہوا ہے۔