بینکوں سے رقم نکلوانے پر ٹیکس کی خبر کی وفاقی حکومت نے تردید کردی

بینکوں سے رقم نکلوانے پر ٹیکس کی خبر کی وفاقی حکومت نے تردید کردی

اسلام آباد: بینکوں سے 25 ہزار روپے کی رقم نکلوانے پر ٹیکس عائد کرنے سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کی وفاقی حکومت نے تردید کر دی ہے۔ وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ حماد اظہر کا کہنا ہے کہ بینک ٹرانزیکشنز پر عائد ٹیکسوں سے متعلق کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر مملکت برائے خزانہ حماد اظہر نے اس حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینک ٹرانزیکشنز پر عائد ٹیکسوں سے متعلق کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی اور 25 ہزار روپے کی رقم نکلوانے پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، 50 ہزار روپے سے زائد کی بینک ٹرانزیکشن پر 0.5 فیصد ٹیکس عائد ہے۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ حکومت نے نان فائلرز پر 25 ہزار روپے سے زائد بینک ٹرانزکشن یا کیش لینے پرٹیکس عائد کر دیا ہے۔نان فائلرز کو25 ہزار روپے سے زائد چیک یا کیش لینے کی صورت میں 0.6 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا جو 150 روپے بنتا ہے ، جبکہ اس سے قبل 50 ہزار روپے سے زائد رقم پرٹیکس تھا۔دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت نے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے تاہم اب حکومت نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔