وزیراعظم نے اگلے ماہ50 لاکھ گھروں کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان کردیا

وزیراعظم نے اگلے ماہ50 لاکھ گھروں کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان کردیا
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیر اعظم نے اگلے ماہ50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے اسٹیٹ بینک ہماری مدد کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے اسلام آباد میں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے اور ہم 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنانا چاہتے ہیں تاہم ہمیں گھروں کی تعمیر میں مشکلات آئیں گی جب کہ منصوبے کے تحت عام آدمی کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر ٹاسک فورس محنت سے کام کر رہی ہے جب کہ منصوبہ شروع ہونے کے بعد گھروں کی مانگ میں اضافہ ہو جائے گا۔ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ اپریل میں شروع کر رہے ہیں جب کہ کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے پلاننگ کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں اشرافیہ کو سہولیات حاصل ہیں اور صرف اشرافیہ کی ترقی سے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

غریب عوام اسلام آباد میں گھر بنانے کے قابل نہیں ہیں جب کہ ملک میں انفرا سٹرکچر کا بھی فقدان ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں نوجوان اپنی کمپنیاں بنائیں اور کاروبار کریں۔ ہمارے ہاؤسنگ منصوبے سے 40 صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا جب کہ ہاؤسنگ منصوبے میں ملائیشیا اور چین کی پرائیویٹ کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مہنگی زمینوں پر قبضے کیے گئے تھے تاہم ہم نے 50 ارب روپے کی غیر قانونی زمین واگزار کرالی ہے، سرکاری محکموں نے زمینوں پر قبضے کرا رکھے تھے۔ زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام ٹیکس نہیں دیتے لیکن عطیات سب سے زیادہ دیتے ہیں۔

پاکستانی عوام کو اپنی حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں کثیر المنزلہ عمارتیں بنانے کی اجازت دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن سے بھی بات ہو گئی ہے۔ حکومت کا کام پرائیویٹ سیکٹر کو سہولتیں اور آسانیاں فراہم کرنا ہے۔ملک میں لگائے گئے درختوں سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک انصاف نے 5 سال میں ایک ارب سے زائد درخت لگائے ہیں۔