پلوامہ حملے کی ابتدائی تحقیقات ، پاکستان نے بھارت سے مزید معلومات طلب کرلیں

پلوامہ حملے کی ابتدائی تحقیقات ، پاکستان نے بھارت سے مزید معلومات طلب کرلیں
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: پاکستان نے پلوامہ حملے کی ابتدائی تفتیش میں انڈیا کی طرف سے دیے گئے 90 لوگوں کی فہرست میں سےاب تک 54 کی شناخت کی ہے اور باقی افراد سے مزید معلومات طلب کی ہیں۔

دفترِ خارجہ کی ہفتہ وار بریفینگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد وزیرِ اعظم نے تحقیقات کی پیشکش کی تھی جس کے بعد انڈیا کی طرف سے 90 نام دیے گئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ باقی ناموں کی معلومات مکمل نہیں تھیں اور ان کی مزید معلومات ہم نے انڈیا سے طلب کی ہیں۔

14 فروری کو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں انڈین سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں 40 فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان تعلقات جنگ کے قریب پہنچ گئے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ 54 افراد سے تفتیش جاری ہے لیکن اب تک پلوامہ واقعے سے پاکستان کا تعلق ثابت نہیں ہوسکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے 22 مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی اور ان مقامات پر کسی قسم کا کوئی کیمپ نہیں ہے۔