ملک بھر میں کورونا کے متاثرین میں اضافہ، تعداد 1363 ہو گئی

ملک بھر میں کورونا کے متاثرین میں اضافہ، تعداد 1363 ہو گئی
کورونا وائرس سے 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تاحال رک نہ سکا اور جمعہ کو بھی مزید کیسز سامنے آنے سے ملک میں مجموعی تعداد 1300 سے بڑھ گئی ہے۔ملک میں اس مہلک وائرس کے کیسز کو آئے ہوئے ایک مہینہ سے زیادہ ہوچکا ہے اور اس عرصے میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔


اعداد و شمار کے حساب سے دیکھیں تو پنجاب، سندھ سے بھی آگے نکل گیا ہے اور کیسز کی تعداد 490 ہوگئی ہے جبکہ سندھ میں یہ تعداد 440 ہے۔

جمعہ کو سامنے آنے والے کیسز کے بعد ملک میں اب تک متاثرین کی تعداد 1363 ہوچکی ہے۔

سندھ میں مزید کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور صوبے میں 19 نئے کیس رپورٹ کیے گئے۔محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بتایا کہ سندھ میں نئے آنے والے کیسز میں 11 کراچی سے ہیں جو مقامی سطح پر منقلی کے کیس ہیں، اس کے علاوہ ایسا ہی ایک کیس حیدرآباد میں آیا ہے جبکہ 7 کیسز لاڑکانہ میں ایران سے آنے والے زائرین کے ہیں۔

متاثرہ افراد کے اعداد و شمار سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اب تک کراچی میں 164 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 3 کیسز حیدرآباد اور ایک دادو میں رپورٹ ہوا، مزید یہ کہ 14 افراد صحت یاب ہوچکے جبکہ ایک فرد انتقال کرچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان تمام افراد میں سے 114 افراد مقامی سطح پر منتقلی سے متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ایران سے سکھر آنے والے 265 زائرین کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں جبکہ لاڑکانہ میں زائرین کے 7 نئے کیسز ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ زائرین اور سندھ کے دیگر اضلاع میں آنے والے کیسز کے بعد صوبے کے متاثرین کی مجموعی تعداد 440 تک جا پہنچی ہے۔

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 82 کیسز سامنے آنے سے تعداد 490 تک پہنچ چکی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان قیصر آصف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کے 419 مصدقہ کیسز ہیں، جس میں 207 ڈیرہ غازی خان اور 19 ملتان سے ہیں جو زائرین ہیں۔ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ لاہور میں 104 افراد اس وائرس سے متاثرہ ہوچکے ہیں جبکہ باقی افراد صوبے کے دیگر علاقوں سے ہیں۔

ساتھ ہی محکمہ صحت کے ترجمان نے یہ بھی تصدیق کی کہ ڈیرہ غازی خان میں قرنطینہ کیے گئے 2 ڈاکٹروں سمیت 5 افراد میں وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔انہوں نے کہا کہ تمام مصدقہ مریض آئیسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، جنہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔چند گھنٹے بعد انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 448 کنفرم مریض ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 46 زائرین جبکہ لاہور میں 105 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قرنطینہ کیے گئے زائرین کے علاوہ ڈی جی خان میں 2 ڈاکٹروں سمیت کُل 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

اس کے علاوہ گجرات میں 22، گوجرانوالہ میں 8، جہلم میں 19، راولپنڈی میں 14، ملتان میں 3، فیصل آباد میں 5، منڈی بہاوالدین میں 3، سرگودھا میں 2، ننکانہ صاحب میں 2، میانوالی میں 2 جبکہ نارووال، رحیم یار خان، خوشاب، اٹک اور بہاولنگر میں ایک، ایک مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک 4 مریض کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے ایک راولپنڈی جبکہ 3 لاہور میں جاں بحق ہوئے۔

رات گئے مزید 42 کیسز اور ساتھ ہی فیصل آباد میں پہلے اور صوبے میں پانچویں مریض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے کہا کہ فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوا جنہیں گزشتہ روز غلام محمد آباد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے صوبے میں مزید کیسز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 57 نئے کیسز آئے اور یہاں تعداد 176 ہوگئی۔

بلوچستان میں بھی مزید 2 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ بلوچستان میں ایک ڈاکٹر میں نوول کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 132 ہوگئی۔بعد ازاں صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ میڈیا سیل کے ترجمان نے مزید ایک کیس سامنے آنے کی تصدیق کی۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 635 ہے۔

سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 2 نئے کیس سامنے آئے۔ان 2 کیسز کے سامنے آنے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 27 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث مزید 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ان 7 نئے کیسز کے بعد علاقے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 91 ہوگئی ہیں۔آزاد کشمیر میں بھی ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد وہاں تعداد 2 ہوگئی۔