انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں سات رنز سے شکست، بھارت نے سیریز 1-2 سے جیت لی

انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں سات رنز سے شکست، بھارت نے سیریز 1-2 سے جیت لی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پونے: بھارت نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو سات رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرا کرکٹ سٹیڈیم پونے میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 329 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما 37، شیکھر دھون 67، ویرات کوہلی 7، کے ایل راہول 7، ہردیک پانڈیا 64، کرونل پانڈیا 25، شردل ٹھاکر 30 اور بھوونیشور کمار تین رنز بنا سکے۔ 
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے سات اوورز میں 34رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عادل راشد نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیم کیورین، ریس ٹاپلے، بین سٹوکس، معین علی اور لائم لیونگ سٹون ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کر سکے۔ 
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 322 رنز ہی بنا سکی۔ سیم کیورین نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 83 گیندوں پر تین چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 95 رنز بنائے تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے 14، جونی بیرسٹو ایک، بین سٹوکس 3 5، ڈیوڈ ملان 50، جوز بٹلر 15، لائم لیونگ سٹون 36، معین علی 29، عادل راشد 19 اور مارک ووڈ 14 رنز بنا سکے۔ 
بھارت کی جانب سے شردل ٹھاکر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 67 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور بھوونیشور کمار نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نتراجن نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 
بھارت کی اس جیت کیساتھ ہی انگلینڈ کو ون ڈے سیریز میں بھی 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس سے قبل کھیلی جانے والی ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز بھی بھارت کے نام ہی رہی تھی۔