کورونا وائرس کاپھیلاؤ، کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ 

کورونا وائرس کاپھیلاؤ، کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کوئٹہ: عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے محکمہ داخلہ بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ میں دفعہ 144 کا نفاذکردیا گیا ہے جس کے تحت شہر میں اجتماعات، دھرنوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ میں دفعہ 144 پندرہ یوم کیلئے نافذالعمل ہو گی جس کا نفاذ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کیا گیا ہے تاکہ اس کے پھیلاﺅ کو روکا جا سکے۔ 
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد میں یکم اپریل سے شادی بیاہ اور دیگر ا جتماعات کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ دیگر شہروں میں پانچ اپریل سے اس پابندی کا اطلاق ہو گا۔ 
دوسری جانب حکومت پنجاب نے شہریوں کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا ہے اور ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانے کیساتھ ساتھ چھ ماہ قید کی سزا بھی سنائی جا سکے گی جبکہ این سی او سی نے شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجویز دی ہے اور محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مکمل لاک ڈاﺅن کر دیا جائے۔ 
حکومت پنجاب کی جانب سے ان ہدایات کے بعد صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ماسک نہ پہننے پر درجنوں مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔ ماسک نہ پہننے پر پہلا مقدمہ تھانہ اسلام پورہ میں شہری محمد جاوید کے خلاف درج کیا گیا اور ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ محمد جاوید عالمگیر روڈ پر بغیر ماسک گھوم رہا تھا۔ 
پجاب میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 83 مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ ماسک نہ پہننے پر 44 افراد کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔