امریکہ میں انٹیلی جنس کمیٹی نے ٹرمپ مہم کی دستاویزات طلب کر لیں، رپورٹ

امریکہ میں انٹیلی جنس کمیٹی نے ٹرمپ مہم کی دستاویزات طلب کر لیں، رپورٹ

واشنگٹن :امریکہ میں 2016 کے صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کرنے والی سینیٹ کی انٹلیجنس کمیٹی نے ٹرمپ مہم کی دستاویزات طلب کرلیں۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں 2016 کے صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کرنے والی سینیٹ کی انٹلیجنس کمیٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم سے کہا ہے کہ وہ جون 2015 میں اس کے آغاز سے لے کر اپنی تمام دستاویزات اس کے حوالے کرے۔
واشنگٹن پوسٹ نے کہا کہ سینیٹ کے پینل کی طرف سے یہ دستاویزات، ای میلز، ٹیلی فون ریکارڈ جس خط کے ذریعے طلب کیے گئے ہیں وہ ٹرمپ مہم کی کمیٹی کے پاس گزشتہ جمعہ کو پہنچا اور یہ اس کے خزانچی کے نام لکھا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ٹرمپ کی مہم کی تنظیم کو دو جماعتوں کی اس کمیٹی کی طرف سے صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت سے متعلق کی جانے والی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے ان ہی دو افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ توقع کی جارہی ہے کہ مہم کے درجنوں سابق عہدیداروں سے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے رابطہ کیا جائے گا کہ وہ اس درخواست سے آگاہ ہیں۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس خط پر کمیٹی کے چیئرمین ریپبلکن سینیٹر رچرڈ بر اور کمیٹی کے سب سے اعلی ڈیموکریٹک رکن سینیٹر مارک وارنر کے دستخط ہیں تاہم اخبار نے یہ کہا کہ بر اور وارنر کے نمائندوں نے اس بارے میں بیان دینے سے انکار کر دیا۔
امریکہ کے انٹلیجنس اداروں نے جنوری میں یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ مبینہ طور پر ماسکو نے نومبر کے صدارتی انتخاب کو ٹرمپ کے حق میں کرنے کے لیے اثر انداز ہونے کی کوشش کی تھی۔ماسکو تواتر کے ساتھ ان الزامات کو مسترد کر چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں