جہانگیر ترین کیخلاف مزید شواہد اکھٹے کئے جائیں، شہزاد اکبر کی ایف آئی اے کو ہدایت

جہانگیر ترین کیخلاف مزید شواہد اکھٹے کئے جائیں، شہزاد اکبر کی ایف آئی اے کو ہدایت

لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو جہانگیر ترین کیخلاف مزید شواہد اکھٹے کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

خیال رہے کہ سیاست کے ایوانوں میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ علی ظفر ایڈووکیٹ نے اپنی تفتیش میں جہانگیر ترین کو پوری طرح سے کلین چٹ دیدی ہے۔ اس بات کا دعویٰ راجہ ریاض کی جانب سے بھی کیا گیا تھا۔

تاہم بعد ازاں علی ظفر نے اپنی ایک ٹویٹ میں ان دعووں کی سختی سے نفی کی تھی۔ جہانگیر ترین کو کلین چٹ ملنے کی خبریں موصول ہونے کے بعد بیرسٹر شہزاد اکبر نے فوری طور پر لاہور کا دورہ کرکے ایف آئی اے حکام سے ایک اہم ملاقات کی جس میں جہانگیر ترین کیخلاف کیس کو مضبوط کرنے کیلئے مزید شواہد اکھٹے کرنے کا حکم دیا۔

ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر ایف آئی اے حکام سے جہانگیر ترین کیخلاف چینی سکینڈل کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔

مشیر احتساب کا دورہ اس لئے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ کیونکہ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کیخلاف 31 مئی کو مکمل تفتیشی رپورٹ جمع کروانی ہے۔

گزشتہ سماعت میں عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر 31 مئی تک مکمل تفتیشی رپورٹ جمع نہ کروائی گئی تو ان کیخلاف کارروائی ہو گی۔

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد رضوان نے شہزاد اکبر کو چینی سکینڈل سمیت دیگر کیسوں پر بریفنگ دی۔ مشیر احتساب شہزاد اکبر نے ہدایت کی کہ آزادانہ تحقیقات کرکے مزید شواہد اکٹھے کئے جائیں۔