سرکس سے مفرور2 قاتل ٹائیگرز کو گولی مار دی گئی

سرکس سے مفرور2 قاتل ٹائیگرز کو گولی مار دی گئی

بیجنگ: چین میں سرکس کے دو ٹائیگرز کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے، جو ایک ورکر کو زخمی کرنے کے بعد بھاگ نکلے تھے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ٹائیگرز نے خاتون ملازمہ پر اس وقت حملہ جب وہ انہیں گوشت ڈال رہی تھی۔ ٹائیگرز کے حملے میں خاتون شدید زخمی ہوئی جس کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جاںبر نہ ہوسکی۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق علاقے کو مکینوں سے خالی کرا لیا گیا اور مرغی کے گوشت کو بے ہوشی کی دوا لگا کر مختلف مقامات پر رکھا گیا تھا۔

تمام تر اقدامات کے باجود حکام ٹائیگرز کو پکڑنے میں ناکام رہے، بالآخر گزشتہ روز دونوں قاتل ٹائیگرز کو گولی مار دی گئی ہے۔

چین میں ایسے واقعات مسلسل رپورٹ ہو رہے ہیں، جن میں خطرناک جانوروں کا قید سے بھاگنا اور لوگوں کو مارنا یا زخمی کرنا شامل ہیں۔

گزشتہ ہفتے چڑیا گھر کے ایک ٹائیگر نے بھی ملازم کو حملہ کر کے ہلاک کردیا تھا۔ ملازم ٹائیگر کا پنجرا صاف کرنے کی غرض سے اندر داخل ہوا تھا۔

قبل ازیں چین کے سفاری پارک سے تین چیتے بھاگ گئے تھے۔ سفاری پارک کی انتظامیہ نے خبر کو چھپایا تاکہ لوگوں میں افراتفری نہ پھیلے۔ دو چیتے پکڑ لیے گئے لیکن ایک تاحال فرار ہے۔