وزیر صحت سندھ نے صوبے میں جنوبی افریقی کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے کی تصدیق کر دی

وزیر صحت سندھ نے صوبے میں جنوبی افریقی کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے کی تصدیق کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا نے کراچی میں کورونا وائرس کی جنوبی افریقی قسم کے تیزی سے پھیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر قائد میں 71 فیصد کیسز جنوبی افریقی قسم کے کورونا وائرس کے رپورٹ ہوئے۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ 57 افراد کے نمونوں پرسیرولوجیکل تحقیق کی گئی ہے جن میں سے کراچی میں 71 فیصد کیسز کورونا کی جنوبی افریقی قسم کے رپورٹ ہوئے اور 20 فیصد کیسز برطانوی قسم کے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اب کورونا کی جنوبی افریقی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے اور زیادہ تر کیسز 2 سال سے کم عمر کے بچوں میں رپورٹ ہورہے ہیں، والدین اپنے آپ کو ویکسین لگوائیں تاکہ بچوں سے ان کو وائرس نہ لگے۔ 
واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 158 ہو چکی ہے جبکہ اس سے کل اموات 4 ہزار 988 ہو گئی ہیں جبکہ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 482 کیسز سامنے آئے ہیں۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں مزید 67 افراد اس موذی وباءکے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے اور 2 ہزار 822 مریض شفایاب ہو گئے جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 4.80 فیصد ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار 607 ہو گئی ہے جبکہ کل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 13 ہزار 784 ہو چکی ہے۔