کالعدم تحریک لبیک کے امیر سعد رضوی کی نظربندی کے خلاف درخواست مسترد

کالعدم تحریک لبیک کے امیر سعد رضوی کی نظربندی کے خلاف درخواست مسترد
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیر سعد رضوی کی نظربندی کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ سعد رضوی کی نظربندی کا حکم معمول کے مطابق ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق عدالت نے کہا کہ صوبائی حکومت کی سعد رضوی کے خلاف کارروائی امن کیلئے ہے، حکومت جب نظر بندی کا حکم جاری کرتی ہے تو ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار محدود ہو جاتا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ کالعدم تحریک لبیک کی وجہ سے پورا ہفتہ امن و امن خراب رہا اور اطلاع تھی کہ سعدرضوی کو رہا کرتے ہی احتجاج دوبارہ شروع ہو جاتا۔
واضح رہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری پر تحریک لبیک کے کارکن خادم رضوی کے مزار پر جمع ہوئے اور ملک بھر میں احتجاج اور دھرنے دینے شروع کردیئے، جس سے ٹریفک جام ہوگئی ،کئی شہروں میں آمدورفت مفلوج اور ایمبولنس بلاک ہوگئیں اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 
لاہور میں اکثر راستے بند ہونے سے ہسپتالوں کو آکسیجن سلنڈر ز سپلائی میں مشکلات بڑھ گئی اور کورونا کے مریض خطرے میں آ گئے، فضائی سفر کرنے والوں کو بھی مشکلات پیش آئیں، راستے نہ ملنے کے بعد مسافر ائیرپورٹ نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے فلائٹس شیڈول متاثر ہوا جبکہ باہر ممالک سے آنیوالے مسافر ائیرپورٹ پر ہی پھنس گئے انہیں باہر جانے کا راستہ نہ ملا۔
بعد ازاں مرکزی قائدین کی کال پر تحریک لبیک کے کارکنوں نے ملک بھر میں دھرنے دینے شروع کردیئے اور کئی شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر دھرنے دے کر ٹریفک کیلئے بند کر دیا، ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹی ایل پی کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنے کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔