ماہرین نے ملک بھر میں مرغیوں میں نئے وائرس کی تصدیق کر دی

ماہرین نے ملک بھر میں مرغیوں میں نئے وائرس کی تصدیق کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: ماہرین نے ملک بھر میں مرغیوں کے ایک نئے وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری مارکیٹوں میں فروخت ہونے والی چھوٹی اور کم عمر مرغیاں خریدنے سے اجتناب کریں۔ 
تفصیلات کے مطابق ویٹرنری یونیورسٹی شعبہ مائیکرو بیالوجی کے ڈائریکٹر پروفیسر طاہر یعقوب میں مرغیوں میں نئے وائرس کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرغیاں نئے وائرس ایڈینو کا شکار ہونے لگی ہیں جبکہ اس سے قبل ان میں رانی کھیت اور انفلوئنزا کے وائرس موجود ہیں۔ 
ان کا کہنا تھاکہ تینوں وائرس سے مرغیاں عصبی نظام اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہورہی ہیں جبکہ نئے وائرس ایڈینو کی وجہ سے رانی کھیت ویکسین غیر موثر ہو گئی۔ مرغیاں پچھلے دو ماہ سے نئے وائرس کا شکار ہیں اور اس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر 4 ہزار مرغیاں مررہی ہیں۔
پروفیسر طاہر یعقوب نے یہ بھی کہا کہ شہری مارکیٹوں میں فروخت ہونے والی چھوٹی اور کم عمر مرغیاں خریدنے سے اجتناب کریں اور 2 کلو وزن والی مرغیاں ہی خریدیں تاکہ وہ اس وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔