سندھ اسمبلی میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کا بل متفقہ طور پر منظور

سندھ اسمبلی میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کا بل متفقہ طور پر منظور
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سندھ اسمبلی میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے جس میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں تحفظ دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ ناصر شاہ نے جرنلسٹس پروٹیکشن بل ایوان میں پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ قانون کے تحت صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں تحفظ دیاگیاہے اور اب صحافیوں کے پیشہ وارانہ امور کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی ہوگی۔ 
بل کے مطابق صحافی اپنی خبر کے ذرائع بتانے کا پابند نہیں ہوگا اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے کمیشن قائم جائے گا جبکہ صحافیوں کو ہراساں کرنے، جان سے مارنے کی دھمکی دینے پر سزا ہوگی، اس کے علاوہ صحافیوں پر حملے کے کیس پر ترجیحی بنیاد پر فیصلے کئے جائیں گے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ صحافی ہراساں کرنے والوں کے خلاف کمیشن میں درخواست دیں گے۔ سندھ جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ میں ایم کیوایم کے خواجہ اظہار کی ترمیم بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ صحافی کو ضرورت پڑنے پر قانونی مدد حکومت فراہم کرے گی۔