وزیر اعلیٰ کے پی کا وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان 

وزیر اعلیٰ کے پی کا وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان 
سورس: File

اسلام آباد: کے پی کے وزیراعلیٰ محمود خان نے اعلان کیا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والے دو کارکنوں کی ایف آئی آر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف درج کرادی جائے گی۔

کالام میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ ہم اس ملک کو غلامی سے نجات دلائیں گے، پختون قوم کبھی کسی کی غلامی قبول نہیں کرتی اور کبھی کسی بیرونی طاقت کو قبول نہیں کیا۔

لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکنان اور ہمارے لانگ مارچ کے شرکا پر پاکستان کی تاریخ کا بدترین تشدد کیا گیا جو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔ کارکنان پر شیلنگ اور فائرنگ کی گئی اور ہم کسی صورت اس تشدد کو معاف نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی غلامی سے نجات دلائیں گے، یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، یہ اس لیے ضروری ہے کیونکہ ایک طرف غلامی کی سوچ اور امریکا کے غلام ہیں اور دوسری طرف عمران خان خان ہے جو آپ کی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم عمران خان کے سپاہی ہے، اگر دوبارہ کال دی تو کالام، خیبرپختونخوا اور پاکستان کے عوام نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس مارچ میں دو شہید ہوئے، ان کی ایف آئی آر ‘مجرم وزیراعظم اور قاتل پاکستان کے وزیر داخلہ’ کے نام درج ہوگی اور ان سے پوچھیں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں شرکت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) محمود خان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں