پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کو قائمہ کمیٹی اجلاس میں شرکت کی اجازت مل گئی

پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کو قائمہ کمیٹی اجلاس میں شرکت کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے، 50 روز  سے زائد دنوں کے بائیکاٹ کے بعد پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو قومی اسمبلی و سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی۔

پارٹی نے پاناما لیکس اسکینڈل کے حوالے سے تیار کی گئی مختصر ویڈیو بھی جاری کی، جس میں وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے متنازع بیانات شامل ہیں۔پارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

تاہم پاناما لیکس اسکینڈل کے حوالے سے سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کا فیصلہ آنے تک، پی ٹی آئی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھے گی۔پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق کےمطابق ’پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کو قائمہ کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت کی اجازت کا فیصلہ اس لیے کیا گیا، تاکہ وہ پالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔‘