قیمتوں میں استحکام کے لیے اوپیک کا تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ

قیمتوں میں استحکام کے لیے اوپیک کا تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ

ماسکو :تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کی یومیہ پیداوار میں ممکنہ کمی کا فائدہ روس کو ہو گا، جس کی اپنی پیداوار پہلے ہی ریکارڈ حد تک زیادہ ہے لیکن جسے عالمی منڈیوں میں بہت کم قیمتوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔روسی میڈیا کے مطابق روس کا المیہ یہ ہے کہ اس کی تیل کی یومیہ پیداوار تو ریکارڈ حدوں کو چھو رہی ہے لیکن اس کو دستیاب مالی وسائل مسلسل کم ہو رہے ہیں۔
اس کا سبب یہ ہے کہ روس ان ملکوں میں شامل ہے، جو اپنے سالانہ بجٹ کے لیے مجموعی مالی وسائل کا بہت بڑا حصہ تیل اور گیس کی برآمد سے حاصل کرتے ہیں۔دوسری طرف اوپیک کے رکن ممالک کی کوشش یہ ہے کہ وہ بین الاقوامی منڈیوں میں تیل کی مسلسل بہت کم قیمتوں کو سنبھالا دینے کے لیے اپنی پیداوار کچھ کم کر دیں کیونکہ اگر رسد کم ہو گی تو طلب زیادہ ہو گی اور یوں قیمتیں بھی بڑھیں گی۔
اوپیک ممالک نے ابھی تک اپنی مجموعی یومیہ پیداوار میں کمی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ لیکن اگر ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا، تو اس میں روس کا، جو کہ اوپیک کا رکن نہیں ہے، کوئی نقصان نہیں ہو گا۔ بلکہ ماسکو کو تو الٹا اس کا فائدہ ہی ہو گا۔ یعنی اگر عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں بڑھیں گی، تو ماسکو کو برآمدی تیل سے ہونے والی آمدنی بھی بڑھے گی۔