3 سال تک دنیا کی سب سے زیادہ جری فوج کی کمان سنبھا لنے پر فخرہے ،آرمی چیف راحیل شریف

 3 سال تک دنیا کی سب سے زیادہ جری فوج کی کمان سنبھا لنے پر فخرہے ،آرمی چیف راحیل شریف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ 3 سال تک دنیا کی سب سے زیادہ جری فوج کی کمان سنبھالنا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں الوداعی کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔اس موقع پر نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، کور کمانڈرز اور پرنسپل اسٹاف آفیسرز بھی موجود تھے۔کانفرنس کے دوران کور کمانڈرز نے جنرل راحیل شریف کو ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر خراج تحسین پیش کیا اور ملک کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔جنرل راحیل شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف کے عہدے پر تعیناتی اور ترقی پر مبارکبار دی۔انھوں نے اپنی مدت ملازمت کے دوران تعاون کرنے پر کور کمانڈرز کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی معاونت کے بغیر اس عرصے کے دوران کامیابیوں کا حصول ممکن نہیں تھا۔

جنرل راحیل شریف 29 نومبر 2016 کو آرمی چیف کے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں، ان کی جگہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔جنرل راحیل شریف نے ایک انتہائی پروفیشنل فوجی کے طور پر اپنے عہدے سے پورے وقار سے سبکدوشی کے ساتھ اپنے ادارے کا وقار بلند کیا، یہ کہا جاسکتا ہے کہ ہماری تاریخ میں ایسا کوئی دوسرا آرمی چیف نہیں گزرا ہوگا جس نے اس قدر عزت اور مقبولیت حاصل کی ہوگی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کی کمان کی تبدیلی کی تقریب منگل کو ہوگی۔

نیوویب ڈیسک< News Source