فوڈ اتھارٹی کے چھاپے،15 بیکریوں،ہوٹلوں کو جرمانے،تعلیمی اداروں کے 2کیفے ٹیریا کی چیکنگ

فوڈ اتھارٹی کے چھاپے،15 بیکریوں،ہوٹلوں کو جرمانے،تعلیمی اداروں کے 2کیفے ٹیریا کی چیکنگ

لاہور : ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت اور ناقص غذائی اشیا ء بیچنے والوں کو 2لاکھ10 ہزار روپے جرمانے کئے اور مضر صحت اشیاء ضائع کر دیں۔لاہور میں راوی ٹائون کی ٹیم نے شاہدرہ میں پلازہ سویٹس اینڈ بیکرز کو ناقص صفائی پر 15 ہزار روپے جرمانہ جبکہ الشیخ کریانہ مرچنٹ کو فوڈ اتھارٹی کا لائسنس نہ ہونے پر2ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔نشتر ٹائون کی ٹیم نے کاہنہ نو میں بھولا بیکرز،صابر بیکرز اور فقیر محمد بیکری کو اشیاء خوردونوش پر تاریخ تنسیخ کی عدم موجودگی پر بالترتیب12,12 ہزاراور 8 ہزار روپے جرمانہ کیا۔داتا گنج بخش ٹائون کی ٹیم نے ساندہ روڈ پر بابر حمید کیفے کو نامکمل لیبلینگ پر5ہزار اور توحید ملک شاپ کو ناقص صفائی پر 4ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسلام پورہ میں سپس جوس کارنر کو گلے سڑے فروٹ استعمال کرنے پر فوری طور پر سر بمہر کرتے ہوئے گلے سڑے کیلے،سیب اور انار موقع پر ضائع کر دئیے۔گلبرگ ٹائون کی ٹیم نے ماڈل ٹائون میں ڈی پی ایس سکول گرلز سیکشن کی کینٹین پر چھاپہ مارا اور فوڈ اتھارٹی لائسنس کے بغیر کام کرنے اور اشیاء خوردونوش پر نامناسب لیبلینگ پر 8ہزار روپے جرمانہ ، بوائز ونگ کی کینٹین کو 25ہزار اور بوائز ہوسٹل میس کو 7ہزار روپے جرمانہ کیا۔

راولپنڈی میں مری روڈ پر گلشن چرغہ کو سٹوریج کے لئے گندے نیلے کیمیکل ڈرمز استعمال کرنے پر 10ہزار ،شان ریسٹورنٹ اور سٹوڈنٹ کیفے کو صفائی کے ناقص انتظامات پربالترتیب 5,5,ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔مسلم ٹائون میں تہذیب فوڈ کو زائد المعیاد کیچپ اور خوردنی تیل استعمال کرنے پر 10ہزار روپے جرمانہ کیا۔المدینہ شاپ کو صفائی کے ناقص انتظامات پر 3ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔سکولوںاور کالجوں کی کینٹینز کی چیکنگ مہم کے دوران پوسٹ گریجویٹ وویمن کالج راولپنڈی کینٹین کو صفائی کے ناقص انتظامات پر نوٹس جاری کرتے ہوئے بہتری کے احکامات دئیے گئے اور ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سربمہر کرنے کی وارننگ جاری کی۔مزید براں لباک ریسٹورنٹ کو صفائی کے ناقص انتظامات پر50ہزار روپے جرمانہ اور مبارک ریسٹورنٹ کو 20ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔من پسند سویٹس اینڈ بیکرز کو زائدالمعیاد غذائی اشیاء کے استعمال پر 20ہزار روپے جرمانہ اور ایکسپائر فوڈ آئٹمز کو موقع پر ضائع کر دیاگیا۔