رکن قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری کا (ن) لیگ چھوڑنے کا اعلان

رکن قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری کا (ن) لیگ چھوڑنے کا اعلان

لاہور: ختم نبوت ﷺ کے حلف نامے میں تبدیلی کے معاملے پر وفاقی وزیر قانون زاہد حامد مستعفی ہو چکے لیکن مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں میں اس حوالے سے تاحال بے چینی پائی جاتی ہے اور کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپنے تحفظات کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وہاڑی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر حکومت اور اپنی جماعت کے کردار سے مطمئن نہیں ہوں۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ طاہر اقبال چوہدری نے مزید کہا کہ ایم این اے ہونے کے باوجود نواز شریف سے ایک بار بھی ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوری پارٹی نہیں کیونکہ یہاں ارکان اسمبلی سے مشاورت نہیں کی جاتی۔

طاہر اقبال چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کا موقف بالکل واضح ہے اور یہ بل مسلم لیگ (ن) نے نہیں بلکہ پارلیمانی کمیٹی نے منظور کیا تھا۔ زعیم قادری نے کہا کہ پارٹی میں آنا اور جانا لگا رہتا ہے اور طاہر اقبال چوہدری پہلے بھی دو بار پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ایشوز کی سیاست کرتے ہیں جو نہیں ہونی چاہیے۔

یاد رہے کہ طاہر اقبال چوہدری 2002 میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے الیکشن لڑے اور پھر 2008 کا الیکشن انہوں نے مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر لڑا۔ طاہر اقبال چوہدری نے 2013 کا الیکشن آزاد حیثیت میں لڑا اور انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے مسلم لیگ (ن) کا حصہ بن گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں