'ختم نبوت سے متعلق شق نکالنے کے بارے میں نواز شریف کو پتہ تھا'

'ختم نبوت سے متعلق شق نکالنے کے بارے میں نواز شریف کو پتہ تھا'

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ حکومت کام کرنے کے قابل نہیں رہی ہے کیونکہ وزرا فرائض سے غفلت برت رہے ہیں۔ اس وقت وزرا کی ساری توجہ معزول وزیراعظم نواز شریف کو خوش کرنے میں ہے جسے قوم دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ میں دراڑیں پیدا ہو چکی ہیں اور انتشار موجود ہے اس کے چند ایم این ایز اور ایم پی ایز نے استعفیٰ دیدیا ہے۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ جس معاہدے کے تحت دھرنا ختم ہوا اگر اس میں آرمی چیف اثر انداز نہیں ہوتے تو حکومت خود ہمت ہار بیٹھی تھی۔ حکومت نے دھرنا ختم کرانے کے لیے کوئی بامعنی کوشش نہیں کی اور وزرا 21 دن تک سوچ بولنے سے گریز کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ جب ختم نبوت والی شق نکالی گئی اس سے نواز شریف مکمل آگاہ تھے جب کہ اس پر راجا ظفرالحق کی رپورٹ تیار ہے تو 30 دن کا وقت کیوں؟۔

نعیم الحق نے (ن) لیگ کی حکومت کے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ مفرور، وزیر خارجہ مجبور اور وزیر داخلہ معذور ہے۔ (ن) لیگی حکومت عوامی حمایت کھو چکی ہے اس لیے فوری طور پر نئے انتخابات کرائے جائیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں