چینی قیادت نے عالمگیریت کی سوچ کو ترقی کے سفر میں تبدیل کر دیا : سرتاج عزیز

چینی قیادت نے عالمگیریت کی سوچ کو ترقی کے سفر میں تبدیل کر دیا : سرتاج عزیز


اسلام آباد:ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ وژن دنیا کو قریب تر لا رہا ہے، چینی قیادت نے عالمگیریت کی سوچ کو ترقی کے سفر میں تبدیل کر دیا ہے، صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان نے پاک۔چین تعلقات کو نئی جہت دی، آزادانہ تجارت کے دوسرے معاہدے سے پاکستان اور چین کے مابین تجارت کے توازن میں بہتری کا امکان ہے۔


چینی میڈیا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا ایک ایسا منصوبہ ہے جو انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ عملی صورت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان نے پاک۔چین تعلقات کو نئی جہت دی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ابتدائی مرحلہ کے منصوبوں کی مالیت 30 ارب ڈالر جبکہ کل سرمایہ کاری 60 ارب ڈالر تک پہنچ رہی ہے، سی پیک کی بدولت پاکستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، گوادر بندرگاہ کی تعمیر و ترقی اور صنعتی تعاون کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔


ان کا کہنا تھاکہ سی پیک کا طویل المیعاد پروگرام منظور ہو چکا ہے جو پاک۔چین تعاون کو نئی بنیادیں فراہم کرے گا۔ یہ پروگرام پاکستان کے مجوزہ 12ویں 5 سالہ منصوبے کا اہم حصہ ہو گا اور سی پیک روٹس سے پاکستان کے کم ترقی یافتہ علاقے ترقی کے نئے دور میں داخل ہوں گے۔ سرتاج عزیزنے کہا کہ سی پیک صنعتی تعاون سے چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی ممکن ہو رہی ہے۔ سی پیک ایک علاقائی منصوبہ کی صورت اختیار کر چکا ہے جس نے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر دیئے ہیں، چین، پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک یہاں قائم ہونے والے صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔