سلمان خان کے کہنے پر بوبی دیول نے نیا روپ اختیار کرلیا

سلمان خان کے کہنے پر بوبی دیول نے نیا روپ اختیار کرلیا

بالی وڈ اداکار  بوبی دیول نے سلمان خان کے کہنے پر نیا روپ اختیار کرکے اپنے مداحوں کو حیران کردیا۔

بوبی دیول بھی بھارت کے ان اداکاروں میں شامل ہیں جنہیں نئے آنے والے اداکاروں کی وجہ سے فلموں میں خاص کام نہیں مل رہا ہے

جب کہ انہوں نے فلموں میں کام نہ ملنے کی وجہ سے دہلی میں بطور ڈے جے کنسرٹ بھی کیا لیکن اس میں بھی انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔


بوبی دیول گزشتہ 6 برس سے کام نہ ملنے کی وجہ سے اپنے ہی خاندان کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلموں میں کام کرتے رہے ہیں لیکن اب بوبی کو سلمان خان کے مدمقابل فلم ’ریس 3‘ میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔بوبی دیول 10 سال بعد کسی بڑی فلم کے ساتھ ایک بار پھر سلور اسکرین پر جلوہ گر ہورہے ہیں جس کے لیے وہ نہایت پرجوش ہیں اور انتھک محنت بھی کررہے ہیں۔

بوبی دیول ’ریس 3‘ میں سلمان کے مدمقابل اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ اپنے کردار کو بخوبی نبھانے کے لیے بوبی دیول سلمان خان کے مشوروں پر من و عن عمل کررہے ہیں۔

سلمان خان نے بوبی دیول  کو مشورہ دیا تھا کہ وہ باڈی بلڈنگ کریں اور اپنی جسمانی ہیت کو یکسر تبدیل کردیں تاکہ فلم بینوں کو کچھ نیا دیکھنے کو ملے۔

دبنگ خان کے کہنے پر بوبی دیول نے سخت محنت شروع کردی اور جسمانی طور پر مضبوط دکھنے کے لیے وہ باقاعدگی سے ورزش کررہے ہیں۔

بوبی دیول نے گزشتہ روز ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے جس میں وہ ایک الگ ہی روپ میں نظر آرہے ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں بوبی دیول نے سخت محنت کی ترغیب دینے پر سلمان خان کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ انہیں اب محنت کا مثبت اثر بھی نظر آنے لگا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سنی دیول بھی بوبی کو فلموں میں کام نہ ملنے کے سوال پر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے تھے اور آبدیدہ ہوگئے تھے۔

بوبی دیول نے فلمی کیرئیر میں کئی ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ’’سولجر‘‘، ’’بادل‘‘، ’’بچھو‘‘، ’’چور مچائے شور‘‘ اور ’’کرانتی‘‘ شامل ہیں۔

مصنف کے بارے میں