پاکستان کی دھرتی سکھ مذہب کیلئے بہت مقدس ہے، بھارتی وزیر

پاکستان کی دھرتی سکھ مذہب کیلئے بہت مقدس ہے، بھارتی وزیر
کیپشن: برلن دیوار گر سکتی ہے تو پاکستان اور بھارت کے درمیان نفرتیں بھی ختم ہو سکتی ہیں، بھارتی وزیر۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

نارووال: کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تاریخی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر ہرسمرت کور بادل نے کہا آج سکھ برادری کیلئے تاریخی دن ہے اور آج ہماری ارداسوں کی مراد پوری ہونے جا رہی ہے جس کے نصیب میں خدمت لکھی تھی اس نے خدمت کر دی۔ جو 70 سال میں نہیں ہوا وہ عمران خان کی حکومت نے کر دیا۔ مودی صاحب چائے بیچتے تھے، کبھی انہوں نے بھی یہ سوچا نہیں ہو گا۔ عمران خان جب کرکٹ کھیلتے تھے انہیں نہیں پتا تھا کہ وہ اس عہدے پر پہنچیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گرونانک نے 18 سال یہاں گزارے اور پاکستان کی دھرتی سکھ مذہب کیلئے بہت مقدس ہے۔ جس دن بھارتی کابینہ نے راہداری کی منظوری دی اس دن میری دنیا ہی بدل گئی۔ برلن دیوار گر سکتی ہے تو پاکستان اور بھارت کے درمیان نفرتیں بھی ختم ہو سکتی ہیں۔ جیسے بابا گرونانک نے سب کو جوڑا ویسے کرتار پور راہداری بھی سب کو جوڑے گی۔

خیال رہے آج وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ بھارت کی معروف شخصیت نوجوت سنگھ سدھو، بھارتی وزیر ہرسمرت کور اور ایچ ایس پوری سمیت بھارت کے سرکاری وفد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔