نیب علیمہ خان کی جائیداد کی چھان بین بھی کرے ، نواز شریف کا مطالبہ

نیب علیمہ خان کی جائیداد کی چھان بین بھی کرے ، نواز شریف کا مطالبہ
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: سابق وزیرِاعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے وزیرِاعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی جائیداد کی چھان بین کا مطالبہ کردیا۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گھفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کی جائیداد کا منی ٹریل کیا ہے، ان کے پاس دبئی میں اربوں روپے کی جائیداد کہاں سے آئی؟سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ نیب مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف تو چھان بین کرتی رہتی ہے، انہیں یہ بھی تحقیقات کرنی چاہیے کہ علیمہ خان نے جائیداد کیسے بنائی۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کہ کیا آپ علیمہ خان کے خلاف نیب میں فریق بنیں گے تو نواز شریف نے جواب دیا کہ یہ سوال آپ صبح مجھ سے پوچھتے تو میں جواب دے سکتا تھا۔نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ علیمہ خان کی جائیداد کے پیچھے کون ہے، علیمہ خان شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ کی ممبر بھی ہیں۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا سیاسی گفتگو کا ارادہ نہیں تھا، لیکن یہ معاملات بھی اہم ہیں۔نوازشریف نے مزید کہا میں جو کچھ بولوں گا، وہ نہ آپ لکھ سکتے ہیں اور نہ ہی شائع کرسکتے ہیں۔انہوں نے پاکستان میں بجلی کے منصوبوں سے متعلق بتایا کہ بجلی کے منصوبوں میں بچت کے پیچھے شہبازشریف کی انتھک محنت تھی اور ہم نے بجلی کے منصوبوں میں ایک سو 60 ارب روپے کی بچت کی۔