قونصل خانے پر حملہ پاک چین تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتا :چین

قونصل خانے پر حملہ پاک چین تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتا :چین
کیپشن: image by facebook

بیجنگ : چین نے کہا ہے کہ پاکستان میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی وجہ سے پاک چین تعلقات ہرگز متاثر نہیں ہوں گے ۔

تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی قونصل خانے پر حملے سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے ، دونوں ممالک کی عوام نے ایک مربتہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو کسی صورت متاثر ہونے نہیں دیں گے ۔

انھوں  نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی لازوال ہے ، پاکستان نے حملے میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور اکثر کو گرفتار بھی کیا ہے ، ہم نے پاکستان سے سی پیک سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں پر سیکیورٹی سخت بنانے کے حوالے سے یقین دہانی لی ہے جس پر پاکستانی حکومت نے واضح جواب دیا ہے ۔

چینی وزارت خارجہ ے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں چینی باشندوں نے متاثرین کے لیے امدادی رقوم دی ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس عملی مظاہرے سے ایک بار پھر ثابت ہوا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی، سمندروں سے گہری اور ہر موسم کے اسٹریٹجک پارٹنرز کے اعزاز کی مستحق ہے۔

واضح رہے کہ 3 دہشت گردوں نے 23 نومبر کی صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی تھی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا۔