یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کا 82سالہ ریکارڈ توڑنے کے قریب

یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کا 82سالہ ریکارڈ توڑنے کے قریب
کیپشن: فوٹو فائل

دبئی : نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت 82سال سے قائم عالمی ریکارڈ یاسر شاہ کی دسترس میں آ گیا اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر سکتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14وکٹوں کی بدولت یاسر شاہ کی 32 ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی تعداد 195 ہو گئی اور انہیں 200وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے محض پانچ وکٹیں درکار ہیں۔اس کے ساتھ ہی تیز ترین 200وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ یاسر کی دسترس میں آ گیا ہے اور وہ اگلے ٹیسٹ میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ آسٹریلیا کے لیگ سپنر کلیری گریمیٹ کے پاس ہے جنہوں نے 1936 میں صرف 36 ٹیسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

اگر یاسر اگلے ٹیسٹ میچ میں یہ ریکارڈ نہ بھی توڑ سکے تو بھی یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے ان پاس مزید دو ٹیسٹ میچ ہوں گے۔