آرمی چیف کی توسیع پر عدالت کا بروقت فیصلہ ، مناسب اقدام ہے ، شاہ محمود قریشی

 آرمی چیف کی توسیع پر عدالت کا بروقت فیصلہ ، مناسب اقدام ہے ، شاہ محمود قریشی
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے  کہ سویلین بالادستی کے حوالے سے کوئی مسئلہ دکھائی نہیں دیتا۔ آرمی رولز ریگولیشنز میں کوئی تبدیلی درکار ہوئی تو اسے دیکھا جا سکتا ہے۔


تفصیلات کے مطابق ، وفاقی وزیر خارجہ نے عدالتی فیصلے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف توسیع پر سپریم کورٹ کا فیصلے کا آنا بروقت اور مناسب اقدام ہے، ملک کو بے یقینی کی صورت میں رکھنا پاکستان کے مفاد میں نہیں تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا  کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب یہ مسئلہ حل ہو چکا ہے، کوئی ابہام نہیں رہا، آئین میں تبدیلی کے لئے دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے، اس معاملے پر آئین میں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے، آئین واضح ہے، آرمی رولز ریگولیشنز میں کوئی تبدیلی درکار ہے تو اسے دیکھا جا سکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا  کہ عدالت نے فیصلہ دیا ہے جس کا ہم از حد احترام کرتے ہیں، جائزہ لیں گےاور ایسا کوئی پہلو نہیں چھوڑیں گے جس سے دشمنوں کو بغلیں بجانے کا موقع ملے، معاملہ ہمارا اندرونی ہے، بھارت میں شادیانے کیوں بج رہے تھے۔