قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون، مزید پانچ سنچریاں بن گئیں

Quaid-e-Azam Trophy First XI became five more centuries

کراچی:قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے پانچویں راﺅنڈکادوسراروزمکمل ہونے پر مزید چار سنچریاں بن گئیں،سدرن پنجاب کے سلمان علی آغا نے 169 اور محمدعمران نے ناقابل شکست 100 رنز بنائے جبکہ بلوچستان کے اکبر الرحمان نے 164 اور ایاز تصور نے ناقابل شکست 138 رنز بنائے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں خیبر پختونخواہ نے ناردرن کے خلاف پہلی اننگز میں دوسرے روز جمعہ کو کھیل کے اختتام تک 7 وکٹیں کھونے کے بعد 249 رنز بنا لیے۔ خالد عثمان 59 اور محمد وسیم 20 رنز کے ساتھ تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ کامران غلام نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے 110 گیندوں کا سامنا کیا ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔

منیر ریاض 91 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ اس سے قبل ناردرن نے دوسرے روز 371 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر کھیل کاآغاز کیا اور 460 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ پر اننگز ڈیکلئیر کر دی۔ آصف علی 45 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ ان کی اننگ میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ فیضان ریاض نے آصف علی کے ساتھ اپنے انفرادی اسکور 124 رنز سے کھیل کا آغاز کیا اور 146 رنز پر ارشد اقبال کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے 189 گیندوں کا سامنا کیا اور 18 چوکے اور ایک چھکا مارا۔

خیبر پختونخواہ کے ارشد اقبال اور زوہیب خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔

دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 136 رنز بنا لیے تھے۔ عثمان صلاح الدین 18 اور محمد سعد 9 رنز پرناٹ آﺅٹ ہیں۔ علی زریاب نے 67 اور احمد شہزاد نے 33 رنز بنائے۔

بلاول بھٹی اور زاہد محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے 272 رنز 5کھلاڑی آﺅٹ کے ساتھ دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور 7وکٹوں پر 527 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئیر کر دی۔ گزشتہ روز کے ناٹ آﺅٹ بیٹسمینوں نے سنچریاں بنائیں۔ خاص طور پر سلمان علی آغا نے ایک بھر پور اننگز کھیلی۔ انہوں نے 183 گیندوں پر 169 رنز بنائے اور رن آﺅٹ ہوئے۔

ان کی اننگز میں 21 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔محمدعمران نے انکا بھرپور ساتھ دیا۔ وہ 100 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ انہوں نے 143 گیندوں کا سامنا کیا۔ اس سے قبل گزشتہ روز عمر صدیق نے 94 رنز بنا ئے تھے۔ سنٹرل پنجاب کے احمد صفی،وقاص مقصود اور حسن علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ تیسرا میچ اسٹیٹ بنک سٹیڈیم میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان جاری ہے۔ دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو سندھ نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کھو کر 175 رنز بنائے ہیں۔

عمیر بن یوسف 74 اور سعود شکیل 67کے اسکور کے ساتھ تیسرے روز کے کھیل کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل بلوچستان نے 333 رنز 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر دوسرے روزکھیل کاآغاز کیا۔انہوں نے9وکٹوں کے نقصان پر 458 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئیر کر دی۔

گزشتہ روز کے 155 رنز ناٹ آﺅٹ بیٹسمین اکبر الرحمان 164 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، انکی اننگز میں13 چوکے اور 4 چھکے بھی شامل تھے۔ ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آﺅٹ بِیٹسمین ایاز تصور تھے جنہوں نے سنچری بنائی۔ انہوں نے 67 رنز سے کھیل کا آغاز کیا وہ 138 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ شاہنواز دھانی نے چار جبکہ ابرار احمد نے تین وکٹیں لیں۔