بختاور بھٹو کی منگنی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی

Bakhtawar Bhutto's engagement became a top trend on Twitter

لاہور:شہید ذوالفقار علی بھٹو کی نواسی بختاور بھٹو کی منگنی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو مرحومہ اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی محمود چودھری کے ساتھ گزشتہ روز ہونیوالی منگنی کی دھوم سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہے اور ہزاروں کی تعداد میں صارفین نے مبارکباد کے پیغام دئیے اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا جبکہ کچھ صارفین نے تقریب میں بلاول بھٹو کی عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

بختاور نے ٹوئٹر پر منگیتر محمود چودھری کے ساتھ خوبصورت تصویر بھی ہیش ٹیگ ’آفیشلی انگیجڈ‘ کے ساتھ شیئر کی جبکہ تصویر کے پس منظر میں بے نظیر بھٹو شہید کی تصویر بھی دیکھی جاسکتی ہے۔

بختاور بھٹو کی منگنی کی تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔

منگنی کی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی وبا کا شکار ہونے کے باعث ویڈیو کال کے ذریعے شرکت کی اور اپنی بہن کی آنے والی زندگی کیلئے خوشی کا اظہار بھی کیا۔

بختاور بھٹو کی منگنی کی رسم قریبی عزیز و اقارب کی موجودگی میں گزشتہ روز بلاول ہاﺅس کراچی میں ادا کی گئی ۔