اپوزیشن کی تحریک میں کوئی دم نہیں، سب دھکے سے چل رہا ہے، فردوس عاشق اعوان

اپوزیشن کی تحریک میں کوئی دم نہیں، سب دھکے سے چل رہا ہے، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: اپوزیشن کی تحریک میں کوئی دم نہیں، سب دھکے سے چل رہا ہے، فردوس عاشق اعوان
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وبا کی دوسری لہر قوم کیلئے بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے اب عوام کو زیادہ احتیاط کرنے ہو گی۔ اپوزیشن اس وقت اپنے مفادات کی خاطر ملک کے بچوں کو استعمال کر رہی ہے تاہم حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان میں جن لوگوں نے فساد پھیلانے کی کوشش کی ہے قانون ان کے خلاف خود ہی راستہ بنائے گا کیونکہ یہ پاکستان کے مفاد کو نقصان پہنچنا چاہتے ہیں جبکہ پی ڈی ایم وبا کے حوالے سے جاری کردہ عدالتی حکم کی بھی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا اپوزیشن کی تحریک میں کوئی دم نہیں رہ گیا صرف اب یہ دھکے پر چل رہی ہے۔ اپنے گھروں کے فنکشن کیلئے وبا کا ٹیسٹ لازمی اور قوم کے بچوں کو جلسوں میں بلایا جا رہا ہے جبکہ اولیا کے شہر ملتان کے امن کو خراب کیا جا رہا ہے لیکن ریاستی رٹ کو ہر حال میں  قائم رکھا جائے گا اور ہم جانتے ہیں آج کے کھیل کے تانے بانے کہاں ملتے ہیں۔ 

خیال رہے کہ انتظامیہ کی طرف سے اجازت نا ملنے کے باوجود پیپلز پارٹی کے جیالے موسی گیلانی کی قیادت میں اسٹیڈیم کے اندر پہنچ گئے۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کے کنٹینزر اکھاڑ پھینکے۔ پی ڈی ایم کارکنوں نے اسٹیڈیم کے دروازہ بھی توڑ دیا۔ پولیس یا ضلعی انتظامیہ پی ڈی ایم کارکنوں کو قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے نا روک سکیں۔ پی ڈی ایم کے کارکنوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیدیم کا کنٹرول بھی سنبھال لیا۔

کمشنر ملتان جاوید اختر نے وبا کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے متعلقہ حکام کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی خاطر کسی جگہ پر کوئی مجمع یا خفیہ میٹنگ کو بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔