جماعت اسلامی کا ڈی چوک میں دھرناختم

جماعت اسلامی کا ڈی چوک میں دھرناختم
سورس: file

اسلام آباد: جماعت اسلامی کے یوتھ مارچ کے شرکا نے  ڈی چوک میں دیا گیا دھرنا ختم کردیا ہے۔کارکن امیر جماعت اسلامی کے خطاب کےبعد پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ 

نیو نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے احتجاج کے شرکا ڈی چوک پہنچے تو انہوں نے پارلیمنٹ جانے کی کوشش کی ۔ ایکسپریس وے چوک میں پولیس سے دھکم پیل ہوئی جس کے بعد  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تمام کارکنان واپس بلالیے ۔

قبل ازیں یوتھ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت اور سابق حکومتوں میں کوئی فرق نہیں ۔ عمران خان ، اسد عمر اور شوکت ترین سب ناکام ہوگئے ہیں۔ عمران خان ایک اسکول، ایک پٹوار خانہ تک ٹھیک نہیں کرسکے۔ 

سراج الحق ںے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے ہر نعمت سے نوازا ہے مگر یہاں چوروں نے قبضہ کر لیا ہے۔ چینی مافیا نے پاکستان میں کرپشن کی ہے ۔ گندم پیدا کرنے والا پاکستان دنیا میں 8واں ملک ہے مگر آٹا مہنگا ہے۔ کراچی سے خیبرپختونخوا تک ایک ہی نعرہ ہے عمران خان چور ہے۔ پاکستان ہمیشہ قائم رہے اور چور کو بھگائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان اللہ سے ڈرو اللہ ہر چیز کا ریکارڈ رکھتا ہے۔  نوجوانوں ان لوگوں کے دل کالے اور کھوپڑیاں بند ہیں ۔ آپ اپنی ڈگریاں نہ جلائیں اور نہ ہی مایوس ہوں ۔ یہ حکومت ایک کروڑ نوکریاں تو کیا مونگ پھلیاں بھی نہیں دے سکتے۔