شمالی کوریا ایٹم بم سے امریکا کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دینا بند کرے،سربراہ امریکی فوج

شمالی کوریا ایٹم بم سے امریکا کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دینا بند کرے،سربراہ امریکی فوج

واشنگٹن :امریکا پر جنگ کا خوف طاری ہو گیا،امریکا کی مسلح فوج کے سربراہ جیمز میٹس نے شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ پیانگ یانگ جوہری ہتھیاروں کے ذریعے ہمیں تباہ کرنے کی دھمکیاں دینا بند کرے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی جنرل جیمز میٹس نے جنوبی کوریا کے وزیر دفاع سانگ یانگ مو کے ہمراہ شمالی کوریا کی سرحد سے کچھ فاصلے پر واقع غیر مسلح زون کا دورہ کیا۔

اس موقع پر جنرل جیمز میٹس نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان کی حکومت کو جارحانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنانگ یانگ اپنے لوگوں کے ساتھ برا برتاو کرتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا کے ہمسائے میں جنوبی کوریا واقع ہے جس نے اپنے لوگوں کے لیے جمہوریت کو ترجیح دی ہے۔


یاد رہے کہ جزیرہ نما کوریا میں 1950 سے 1953 تک ہونے والی جنگ کے بعد سے جنوبی کوریا میں تقریبا 30 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔سانگ یانگ مو کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو مسئلے کے حل کے لئے ہر صورت مذاکرات کرنا ہوں گے۔


یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کو خبردار کیا گیا تھا کہ اگر پیانگ یانگ نے امریکا یا اس کے اتحادیوں کو دھمکایا تو شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کردیں گے۔دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما نے بھی امریکی صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ایک ایٹمی قوت ہیں اور پورا امریکا ہمارے نشانے پر ہے، جب چاہیں امریکا کو تباہ کر سکتے ہیں۔