پاکستان میں انصاف کا دوہرا معیار چل رہا ہے، پرویز اشرف

پاکستان میں انصاف کا دوہرا معیار چل رہا ہے، پرویز اشرف

لاہور: سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے،جسے بھی عدالت سے بلاوا آتا ہے پیش ہوتے ہیں ،مگر سب کو برابری کی سطح پر انصاف ملنا چاہیے۔

لاہور میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا آئندہ بھی کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کی ہے۔پرویز اشرف نے کہا کہ ملک میں انصاف کا دوہرا معیارچل رہا ہے،انصاف سب کیلئے برابر ہونا چاہیے، جس پر کرپشن کے الزامات ہیں وہ آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ ہمارے رہنماؤں پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر ان کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے ہیں ۔سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ،جسے حکومت کہا جا رہا ہے انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔

واضح رہے کہ گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف کیس میں سابق وزیراعطم راجہ پرویز اشرف آج لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، راجہ پرویز ا اشرف پر گیپکو میں چار سو سینتیس افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کرنے کا الزام ہے۔