میڈیا ہاوسز پر حملہ کیس،ضمنی چالان میں فاروق ستار اور عامر خان مجرم قرار

میڈیا ہاوسز پر حملہ کیس،ضمنی چالان میں فاروق ستار اور عامر خان مجرم قرار

کراچی: بانی ایم کیو ایم کی ملک مخالف تقریر اور میڈیا ہاوس پر حملے کے معالے میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور عامر خان کی مشکلات میں اضافہ ہو  گیا۔  پولیس نے ضمنی چالان میں فاروق ستار اور عامر خان کو مجرم قرار دے دیا۔

ضمنی چالان میں کہا گیا ہے کہ فاروق ستار اور عامر خان کا بانی ایم کیو یم کی تقریر سے لاتعلقی کا بیان جھوٹا ہے۔ عامر خان نے بانی ایم کیو ایم کی ملک مخالف تقریر کی مکمل تائید کی۔ ویڈیو شواہد کے مطابق عامر خان نے کہا بانی ایم کیو ایم کے حکم پر مکمل عمل درآمد ہوگا۔ تقریر کے فوری بعد فاروق ستار اور دیگر رہنما تالیاں بجاتے رہے۔ فاروق ستار اور عامر خان کارکنوں کو اشتعال نہ دلاتے تو میڈیا ہاوس پر حملہ نہ ہوتا، غیر قانونی حکم کی تائید نہ ہوتی تو ہنگامہ آرائی اور ایک شخص کا قتل بھی نہ ہوتا، فاروق ستار اور عامر خان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

قبل ازیں پولیس نے اشتعال انگیز تقریر کی سہولت کاری کے دو مقدمات میں حقائق جاننے کیلئے محکمہ داخلہ سے جے آئی ٹی بنانے کیلئے رابطہ کیا ہے۔ تفتیشی افسر انسپکٹر حمید اللہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان سے تفتیش کیلئے بار بار رابطہ کیا لیکن دونوں ملزمان وکلا کی عدم موجودگی کا بہانہ بناتے رہے۔ اعلی افسران کی ہدایت پر دونوں رہنماں کو سوالنامہ بھی بھیجا گیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق دونوں ملزمان نے ایک ماہ بعد جواب دیا لیکن اس میں بھی حقائق چھپانے کی کوشش کی گئی، دونوں ملزمان کا جواب اس کے برعکس ہے جو جے آئی ٹی کے روبرو دیگر ملزمان نے بتایا۔ تفتیشی افسر نے مزید بتایا جے آئی ٹی کیلئے محکمہ داخلہ سندھ سے رجوع کیا ہے، منظوری کے بعد عدالت سے استدعا کریں گے کہ ملزمان کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا جائے۔

مصنف کے بارے میں