شرجیل میمن کا حال دیکھ کر نوازشریف وطن واپس نہیں آرہے، اعتزاز احسن

شرجیل میمن کا حال دیکھ کر نوازشریف وطن واپس نہیں آرہے، اعتزاز احسن

اسلام آباد:  سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ نوازشریف سعودی عرب کے راستے پاکستان آرہے تھے لیکن پی پی رہنما شرجیل میمن کا حال دیکھ کر ان کی بریکیں لگ گئیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ ملک میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے. وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ملاقات کے لئے وزیراعلی پنجاب کے پاس خود جانا پڑتا ہے۔ نوازشریف سعودیہ کے راستے پاکستان آرہے تھے لیکن شرجیل میمن کا حال دیکھ کر گھبرا گئے اور ان کی بریکیں لگ گئیں۔ اب این آر او کی باتیں ہورہی ہیں لیکن پتہ نہیں نوازشریف کس کے ساتھ این آر او کریں گے شریف خاندان کو این آر او صرف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے کرنا ہوگا اب نوازشریف کی مدد کوئی نہیں کرے گا۔اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ نئے چئیرمین نیب کے لئے سندھ اور پنجاب کے کیسز بہت بڑا امتحان ہیں۔ شریف خاندان کے حق اور شرجیل میمن کے خلاف امتیازی سلوک ہورہا ہے نوازشریف فرد جرم عائد ہونے کے باوجود آزادی سے گھوم رہے ہیں جبکہ شرجیل میمن پر فرد جرم بھی عائد نہیں ہوئی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا.