اٹلی پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی کے بغیر رسائی دینے پر متفق

اٹلی پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی کے بغیر رسائی دینے پر متفق

اسلام آباد:  اٹلی نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی کے بغیر رسائی دینے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارت تجارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اتفاق رائے سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ کے دو روزہ دورہ اٹلی کے دوران کیا گیا,  اس موقع پر وزارت امور خارجہ اور اٹلی کی معیشت کی وزارت کے اعلی حکام کے درمیان اعلی سطح کی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔فریقین نے دوطرفہ تجارت کو موجودہ سطح سے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا, دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت2013 میں 90 کروڑ69 لاکھ یورو سے زائد تھی جو2016 میں بڑھ کر ایک ارب20 کروڑ یورو ہوگئی۔

سیکرٹری تجارت نے اطالوی حکام کو بتایا کہ حکومت پاکستان انسانی حقوق' محنت کشوں کے حقوق' موسمیاتی تبدیلیوں' انسداد منشیات اور بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشنز پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹلی کے تاجر پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

اٹلی کے حکام نے ملاقاتوں کے دوران بنیادی ڈھانچے' توانائی اور گاڑیوں کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔فریقین نے آئندہ سال جنوری میں ہونے والے پاک اٹلی مشترکہ کمیشن کے اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا.

مصنف کے بارے میں