پاکستانی ٹک ٹاکرز کی تربیت کرنے کا فیصلہ 

Pakistan ,Tiktoker, Socila media
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹویٹر

اسلام آباد: پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی نے  مشہور ٹک ٹاکرز کی تربیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے ٹک ٹاکرز کلب تشکیل دیا جائیگا۔ جس میں ایسے ٹک ٹاکرز شامل ہوں گے جن کے فالوورز کی تعداد ایک ملین سے زائد ہو گی ۔

عرب اخبار کے مطابق ٹک ٹاکرز کی تربیت کے لیے سینیٹ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی نے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے  جو معروف ٹک ٹاکرز سے رابطہ کرے گی  ۔ انہیں محفوظ مواد سے متعلق تربیت دے گی ۔ 

پاکستان نے گزشتہ دنوں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی تھی  جس کے بعد ٹک ٹاک انتظامیہ سے ہونے والی بات چیت کے بعد اسے بحال کیا گیا تھا۔ 

اس ضمن میں پاکستان کی جانب سے باقاعدہ شرط عائد کی گئی تھی کہ ٹک ٹاک کے ذریعے فحش اور غیر اخلاقی مواد شئیر نہیں کیا جائیگا۔ 

غیر ملکی اخبار سے بات کرتے ہوئے کمیٹی کے کنوئیرز میاں عتیق نے بتایا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز کا مواد بہتر اور غیر متنازع بنانے کے لیے ہم ایک ٹک ٹاکرز کلب بنا رہے ہیں ۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ اس کلب کے وہی ٹک ٹاکرز ممبرز ہوں گے جن کے فالوورز کی تعداد ایک ملین سے زائد ہوگی ۔ میاں عتیق کے مطابق کمیٹی میں ان کے ساتھ چئیر مین پی ٹی اے ، سیکریٹری وزارت آئی ٹی اور ایف آئی اے کے سائیبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر بھی شامل ہوں گے ۔ 

میاں عتیق نے کہا ہے کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ سوشل میڈیا کے ذریعے تعلیم و تربیت ہو، معلوماتی اور تفریحی مواد شئیر ہو لیکن ایسا مواد شئیر نہ کیا جائے جو کسی بھی شخص ، پارٹی ، عدلیہ اور فوج کے خلاف ہو  ۔

عرب اخبار کے مطابق میاں عتیق  نے کہا ہے کہ آئینِ پاکستان کے تحت سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ ، اور افواجِ پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوسکتی تو یہ کیسے ممکن ہے کہ جس کا جو دل چاہے وہ شئیر کردے ۔

میاں عتیق کا کہناتھا کہ ٹک ٹاکرز کو ریاستی اداروں اور مذہب سے متعلق ویڈیوز بنانے کی تربیت دی جائے گی ۔ ان کا کہناتھا کہ کسی ریاستی ادارے یا شخصیات کے خلاف مواد والا اکاؤنٹ اب نہیں چلے گا۔