ہانگ کانگ نے بھارتی ایئر لائنز 'ایئر انڈیا' پر چوتھی مرتبہ پابندی لگا دی

Hong Kong, ban, Air India, flights
کیپشن: فائل فوٹو

نیو دہلی: مسافروں کا عالمی وبا کا ٹیسٹ مثبت آنے پر ہانگ کانگ نے بھارتی ایئر لائنز 'ایئر انڈیا' پر چوتھی مرتبہ پابندی لگا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ممبئی سے ہانگ کانگ آنے والی فلائٹ میں کئی مسافروں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ، جس کے بعد ایئر انڈیا کی پروازوں پر 10 نومبر تک پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس سے پہلے، دہلی سے ہانگ کانگ آنے والی پروازوں کو بھی اگست ، ستمبر اور اکتوبر میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت میں وبا کے متاثرین کی تعداد 80 لاکھ کے قریب ہے جبکہ برازیل میں یہ تعداد 54 لاکھ 41 ہزار ہے۔

خیال رہے کہ پوری دنیا میں عالمی وبا کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مریضوں کی تعداد 4 کروڑ 42 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ 11 لاکھ 71 ہزار افراد وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ وبا کے اس وقت ایک کروڑ 62 لاکھ سے زیادہ فعال کیسز وجود ہیں۔

عالمی وبا کی دوسری لہر نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جبکہ امریکا میں وبا کی تیسری لہر شروع ہوچکی ہے ، جہاں متاثرین کی تعداد 9 ملین سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار ہو چکی ہے۔ ماہرین کو ڈر ہے کہ یہ تیسری لہر امریکا کیلئے کہیں زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ دسمبر 2020 تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ سے بھی زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ روس اور امریکا سمیت اب تک کئی ممالک عالمی وبا کی ویکسین تیار کرنے کا دعوی کر چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت بھی ویکسین کی جلد فراہمی کی بات کر چکا ہے۔ لیکن یہ مرض دن بھر دن مزید اموات کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ جیسے روکنے کیلئے عالمی طاقتوں کو ضرور کچھ کرنا ہوگا۔